Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کیا آئی فون 17 ای کی لانچنگ کے بعد آئی فون 18 ای لانچ ہونے والا ہے؟

آئی فون کے نئے ماڈل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،غیر ملکی خبر رساں ادارے کا دعویٰ

آئی فون 17 ای کی لانچنگ کے چند ہفتوں بعد ہی آئی فون 18 ای کی لانچنگ کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 17 ای کی رونمائی کے محض چند روز بعد ہی اس کے اگلے ورژن آئی فون 18 ای سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔

ایپل کے حوالے سے افواہوں کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہتا ہے اور صارفین ابھی تازہ ترین ماڈل کو ہضم کر ہی رہے ہیں کہ نئے ماڈل کی خبریں آنے لگتی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے لیکر فکسڈ فوکس ڈیجیٹل کی جانب سے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایپل آئی فون 18 ای پر کام کررہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نئے ماڈل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاہم ماڈل نمبر کے علاوہ کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ فکسڈ فوکس ڈیجیٹل کی پیش گوئیاں اکثر درست ثابت ہوئی ہیں جب کہ ماضی میں اس نے آئی فون 16 ای کا نام اور آئی فون 17 میں 120 ہرٹز ڈسپلے کا درست بتایا تھا تاہم اس کی بہت سی پیش گوئیاں غلط بھی ثابت ہوئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لیکر فکسڈ فوکس ڈیجیٹل توجہ حاصل کرنے کے لیے بھی افواہوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے تاہم معلومات کی کمی کے باوجود آئی فون 18 ای کا وجود ممکن ہے۔

ایپل عام طور پر نئے ماڈلز کی منصوبہ بندی بہت پہلے سے شروع کردیتا ہے اور کمپنی کے وسیع ڈویلپمنٹ اور سپلائی چین کے عمل کے پیش نظر یہ ممکن ہے کہ آئی فون 17 ای کی ترسیل سے پہلے ہی 18 ای کے خیالات پر کام شروع ہوچکا ہو۔

واضح رہے کہ فکسڈ فوکس ڈیجیٹل نے فروری 2025 میں آئی فون 16 ای کی لانچنگ کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد آئی فون 17 ای کے لیے نیا پروجیکٹ کوڈ شروع کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو درست ثابت ہوا ہے۔