Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسمارٹ فون کی بیٹری جلد ختم ہونے کی 4 عام وجوہات سامنے آگئیں

جدید اسمارٹ فونز میں زیادہ تر بیٹریاں فکس ہوتی ہیں، جس کے باعث انہیں تبدیل کرنا بھی آسان نہیں رہتا

اسمارٹ فون کی بیٹری کا جلد ختم ہونا صارفین کے لیے ایک عام مگر اہم مسئلہ بنتا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب روزمرہ کی چند عادات بیٹری لائف کو تیزی سے متاثر کر رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اسمارٹ فون کے مسلسل استعمال سے بیٹری کو بار بار چارجنگ اور ڈسچارجنگ سائیکل سے گزرنا پڑتا ہے جس کے باعث وقت کے ساتھ اس کی کارکردگی کم ہونے لگتی ہے۔ جدید اسمارٹ فونز میں زیادہ تر بیٹریاں فکس ہوتی ہیں، جس کے باعث انہیں تبدیل کرنا بھی آسان نہیں رہتا۔

ماہرین نے ایسی چار عام عادات کی نشاندہی کی ہے جو اسمارٹ فون کی بیٹری کو تیزی سے ختم کرنے کا سبب بنتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فون 17، ایپل کا نیا جادو، فیچرز دیکھ کر صارفین دنگ رہ گئے

ہر ایپ کے نوٹیفکیشنز آن رکھنا

ماہرین کے مطابق پش نوٹیفکیشنز بیٹری کے استعمال کو بڑھا دیتے ہیں کیونکہ ہر نوٹیفکیشن کے ساتھ فون متحرک ہو جاتا ہے۔ اگر ہر ایپ کے لیے نوٹیفکیشنز آن ہوں تو ایپس بیک گراؤنڈ میں مسلسل ڈیٹا ریفریش کرتی رہتی ہیں جس سے بیٹری زیادہ خرچ ہوتی ہے، جبکہ سوشل میڈیا ایپس اس حوالے سے زیادہ نوٹیفکیشنز بھیجتی ہیں۔

ایپس کو بیک گراؤنڈ میں چلتا چھوڑ دینا

جب صارف ایک وقت میں کئی ایپس کے درمیان سوئچ کرتا ہے اور انہیں مکمل طور پر بند نہیں کرتا تو وہ ایپس بیک گراؤنڈ میں سرگرم رہتی ہیں۔ اس سے فون کے پراسیسر پر اضافی بوجھ پڑتا ہے اور بیٹری تیزی سے خرچ ہونے لگتی ہے۔

بیک گراؤنڈ ایپ سرگرمی کو کنٹرول نہ کرنا

متعدد ایپس اس وقت بھی بیک گراؤنڈ میں کام کرتی رہتی ہیں جب انہیں استعمال نہیں کیا جا رہا ہوتا۔ یہ ایپس لوکیشن، مائیکرو فون، کیمرہ اور دیگر فیچرز تک رسائی برقرار رکھتی ہیں جس سے بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ ایسی ایپس کی غیر ضروری اجازتیں محدود کر دی جائیں اور لوکیشن رسائی کو صرف ایپ استعمال کے دوران تک محدود رکھا جائے۔

زیادہ گرافکس والے گیمز کھیلنا

ماہرین کے مطابق اسمارٹ فون پر زیادہ دیر تک گرافکس سے بھرپور گیمز کھیلنے سے بھی بیٹری تیزی سے ختم ہوتی ہے۔ ان گیمز میں سی پی یو، جی پی یو، اسکرین اور انٹرنیٹ بیک وقت استعمال ہوتے ہیں جس سے بیٹری پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔