کافی عرصے سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ایپل کے آنے والے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی سینسر کے باعث ڈائنامک آئی لینڈ پہلے کی نسبت چھوٹا ہوگا۔ یہ خبر اتنی زیادہ سامنے آ چکی تھی کہ اسے تقریباً یقینی فیچر سمجھا جا رہا تھا، تاہم اب ایک نئی افواہ اس کے برعکس سامنے آئی ہے۔
چین سے آنے والی تازہ رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں ڈائنامک آئی لینڈ وہی رہے گا جو آئی فون 17 پرو سیریز میں موجود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی ٹیکنالوجی کو ممکنہ طور پر اگلے آئی فون تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔
یہ افواہ ویبو کے معروف ٹیک لیکر ڈیجیٹل چیٹ اسٹیشن کی جانب سے سامنے آئی ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایپل نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔ ماہرین کے مطابق ممکن ہے ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمت کو گزشتہ سال جیسا ہی رکھنے کی کوشش کر رہا ہو، یا اگر ریم کی قیمتوں میں اضافے کے باعث قیمت بڑھانی پڑے تو وہ اضافہ زیادہ نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین کیلئے بڑی خبر؛ ایپل کی نئی میک بک سیریز متعارف، قیمت بھی جانیے؟
اگر ایپل مہنگے نئے پرزے، جیسے انڈر ڈسپلے سینسر، شامل کرتا ہے تو اس سے کمپنی کے منافع پر اثر پڑ سکتا ہے، اسی وجہ سے ایسے اپ گریڈ کو مؤخر کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو ماڈلز کی اسکرین کا سائز اور ڈیزائن بھی آئی فون 17 پرو جیسا ہی رہے گا۔
آئی فون کی مستقبل کی جنریشن میں ممکنہ اپ گریڈز میں A20 پرو چپ شامل ہوگی جو 2 نینو میٹر پراسیس پر تیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ویری ایبل اپرچر کیمرا اور بیٹری کی گنجائش میں اضافہ بھی متوقع ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میکس میں بیٹری کی صلاحیت 5000 ایم اے ایچ سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
تاہم یہ محدود اپ گریڈز صارفین کو خریداری کی جانب راغب کرتی ہیں یا نہیں اس فیصلہ ابھی باقی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کو ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا، جہاں ان کے ساتھ ایپل کا فولڈ ایبل فون بھی پیش کیا جا سکتا ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون فولڈ یا آئی فون الٹرا کہا جا رہاہے۔



















