Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گوگل میپ کی 10 سالوں میں سب سے بڑی اپڈیٹ سامنے آگئی

آسک میپس کا فیچر صارفین کو قدرتی زبان میں سوال پوچھنے کی سہولت دیتا ہے۔

گوگل میپ سروس نے 10 سالوں کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ کا اعلان کردیا ہے جس میں مصنوعی ذہانت سے چلنے والی ’’آسک میپس‘‘ فیچر اور ’’ایمرسیو نیویگیشن‘‘ شامل ہے۔

آسک میپس کا فیچر صارفین کو قدرتی زبان میں سوال پوچھنے کی سہولت دیتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ پوچھ سکتے ہیں کہ ’’طویل قطار میں کھڑے ہوئے بغیر کیفے میں فون کہاں چارج کرسکتے ہیں‘‘ یا ’’رات کو روشنی والا ٹینس کورٹ کہاں ملے گا‘‘۔

یہ فیچر سفر کی منصوبہ بندی میں بھی مدد کرتا ہے۔ اگر آپ کسی مشہور مقام کا سفر کررہے ہیں تو یہ راستے میں پڑنے والے مقامات کی سفارش، سفر کا وقت اور دوسرے صارفین کے تجربات کی بنیاد پر مشورے دے سکتا ہے۔

یہ فیچر صارف کی سرگرمیوں جیسے پہلے سے تلاش کردہ مقامات اور پسندیدہ جگہوں کی بنیاد پر جوابات کو ذاتی نوعیت کا بنادیتا ہے۔ اگر آپ ویگن ریسٹورنٹ پسند کرتے ہیں تو یہ قریب کے ایسے ریسٹورنٹ دکھائے گا۔

آسک میپس ابھی امریکا اور انڈیا میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہے اور جلد ڈیسک ٹاپ پر بھی آئے گا۔

ایمرسیو نیویگیشن کیا ہے؟

اس میں سڑکوں اور اردگرد کے علاقوں کا تھری ڈی ویو ملے گا جس میں عمارتیں، زمین اور پل نظر آئیں گے۔ گاڑی چلانے والوں کو لین، کراس واک، ٹریفک لائٹس اور اسٹاپ سائنز واضح نظر آئیں گے۔

اسمارٹ زوم اور شفاف عمارتوں کی مدد سے ڈرائیور آنے والے موڑ اور لین کی تبدیلی کو واضح دیکھ سکیں گے۔

بہتر وائس گائیڈنس اور راستے کی معلومات

وائس نیویگیشن قدرتی انداز میں ہدایات دے گا۔ متبادل راستوں کے فوائد اور نقصانات بھی بتائے جائیں گے۔ صارفین کو راستے میں تعمیراتی کام اور حادثات کی اطلاع بھی ملے گی۔

منزل کی پیشگی معلومات

سفر شروع کرنے سے پہلے صارفین منزل کی اسٹریٹ ویو تصاویر دیکھ سکیں گے اور پارکنگ کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔ منزل کے قریب پہنچنے پر عمارت کے داخلی دروازے اور قریبی پارکنگ کی نشاندہی ہوگی۔

یہ اپ ڈیٹ آج سے امریکا میں شروع ہورہا ہے اور آئندہ مہینوں میں اینڈرائیڈ، آئی او ایس، کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو پر بھی دستیاب ہوگا۔