امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنے اہم آرٹیمس دوم مشن کی لانچ کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے، یہ مشن تقریباً 50 برس بعد انسانوں کو چاند کے قریب بھیجنے کی پہلی کوشش ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے کینیڈی خلائی مرکز میں موجود تقریباً 98 میٹر بلند راکٹ کو 19 مارچ کو ہینگر سے نکال کر دوبارہ لانچ پیڈ پر منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد اسے یکم اپریل یا اس کے بعد خلا میں روانہ کرنے کا امکان ہے۔
ابتدائی طور پر آرٹیمس دوم کے عملے کو رواں سال کے آغاز میں چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے خلا میں بھیجا جانا تھا، تاہم اسپیس لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) راکٹ میں ایندھن کے رساؤ اور دیگر تکنیکی مسائل کے باعث مشن میں تاخیر ہوگئی۔
اگرچہ فروری میں لانچ پیڈ پر ہائیڈروجن ایندھن کے رساؤ کے مسئلے پر قابو پا لیا گیا تھا، لیکن ہیلیم کے بہاؤ میں خرابی سامنے آنے کے بعد خلائی ادارے کو راکٹ کو دوبارہ اسمبلی بلڈنگ میں منتقل کرنا پڑا تاکہ ضروری مرمت کی جا سکے۔ اسی وجہ سے مشن کو اپریل تک مؤخر کر دیا گیا۔
ناسا کے مطابق اس لانچ کے لیے اپریل کے ابتدائی چند دن ہی دستیاب ہیں، اگر ان دنوں میں راکٹ روانہ نہ ہو سکا تو پھر اگلی ممکنہ ونڈو 30 اپریل سے ابتدائی مئی کے درمیان ہوگی۔



















