ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اوپن اے آئی نے اپنے مقبول پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی کو مزید طاقتور بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے تحت صارفین اب صرف تحریری مواد ہی نہیں بلکہ مختصر ویڈیوز بھی تخلیق کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق، اوپن اے آئی اپنے جدید ویڈیو جنریشن ٹول سورا کو براہِ راست چیٹ جی پی ٹی میں شامل کرنے جا رہا ہے۔
اس سے قبل سورا کو ایک الگ سروس کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، جو صارفین کو مختصر اور تخلیقی ویڈیوز بنانے کی سہولت فراہم کرتی تھی، خاص طور پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ٹک ٹاک کے لیے۔
اس نئے فیچر کے بعد چیٹ جی پی ٹی ایک ہمہ جہت پلیٹ فارم بن جائے گا جہاں صارفین تحریر، تصاویر اور اب ویڈیوز بھی ایک ہی جگہ پر تیار کر سکیں گے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس اپ ڈیٹ سے صارفین کے تجربے میں نمایاں بہتری آئے گی اور پلیٹ فارم کی مقبولیت مزید بڑھے گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اے آئی کی دنیا میں مقابلہ تیز ہو چکا ہے، اور اوپن اے آئی اپنے اس قدم کے ذریعے گوگل جیمنی جیسے حریف پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط بنا رہا ہے۔
اس سے قبل بھی چیٹ جی پی ٹی میں مختلف جدید فیچرز شامل کیے جا چکے ہیں، جن میں تعلیمی معاونت، بصری جوابات اور دیگر سہولیات شامل ہیں، تاہم ویڈیو تخلیق کی صلاحیت کو اس پلیٹ فارم کے لیے ایک بڑی اور انقلابی اپ ڈیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔



















