Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیلجیم نے سیکیورٹی خدشات کے باعث واٹس ایپ کی جگہ نئی اور محفوظ ایپ تیار کر لی

تمام ڈیٹا بیلجیم کے اندر محفوظ سرورز پر رکھا جائے گا

بیلجیم نے سرکاری سطح پر حساس معلومات کے تحفظ کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئی محفوظ میسجنگ ایپ “Beam”  متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد واٹس ایپ اور میسنجر جیسے عام پلیٹ فارمز کا متبادل فراہم کرنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیم ایپ کو ریاستی حمایت یافتہ ادارہ بیلجین سیکیور کمیونیکیشن نے تیار کیا ہے، اور اس کے تحت تقریباً 7 لاکھ 50 ہزار سرکاری ملازمین اور فوجی اہلکاروں کو شامل کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق دفاع اور انٹیلی جنس سے وابستہ عملہ پہلے ہی اس ایپ کا استعمال شروع کر چکا ہے، جبکہ دیگر سرکاری اداروں میں اس کا دائرہ کار آئندہ ہفتے سے بڑھایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عوامی استعمال کی میسجنگ ایپس سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خدشات کا خاتمہ ہے، کیونکہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے حساس معلومات غیر ملکی حکومتوں یا سائبر حملوں کی زد میں آ سکتی ہیں۔

بیم کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ صرف تصدیق شدہ سرکاری صارفین ہی اس تک رسائی حاصل کر سکیں، جبکہ تمام ڈیٹا بیلجیم کے اندر محفوظ سرورز پر رکھا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس ایپ کو ایتھیکل ہیکرز اور سکیورٹی کمپنیوں کی جانب سے سخت جانچ کے مراحل سے گزارا گیا، تاہم اسے ہیک نہیں کیا جا سکا۔

یہ منصوبہ 2016 میں برسلز اٹیک کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافے کے تناظر میں شروع کیا گیا جس کے بعد سرکاری مواصلاتی نظام کو مزید محفوظ بنانے پر زور دیا گیا۔