Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ناسا اور جنوبی کوریا کی خلائی ایجنسی کا مشترکہ خلائی مشن، ایل 4 پوائنٹ کی تلاش شروع

ستمبر 2024 میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا اور جنوبی کوریا کی خلائی ایجنسی (کاسا) نے گہری خلا میں ایل 4 پوائنٹ کی تلاش اور خلائی موسم کے حوالے سے مشترکہ تحقیق کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے معاہدہ کرلیا۔

جنوبی کوریا کی خلائی ایجنسی کے مطابق گہری خلا کی تلاش کے لیے ناسا اور کاسا کے درمیان دوسری دوطرفہ میٹنگ 24 سے 27 مارچ تک کوریا فلکیات اور خلائی سائنس انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2024 میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے جس کا مقصد سورج اور زمین کے درمیان واقع ایل 4 پوائنٹ کی تلاش کو ممکن بنانا تھا۔

سائنسی حلقوں میں لاگرینج پوائنٹس (ایل 1 سے ایل 5) خاص اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ خلائی جہاز ان مقامات پر کم ایندھن میں طویل عرصے تک قیام کرسکتے ہیں۔ ان پوائنٹس پر سورج اور زمین کی کشش ثقل اور خلائی جہاز کی مداری حرکت میں توازن برقرار رہتا ہے۔

ناسا، یورپی خلائی ایجنسی اور کاسا کے محققین نے ایل 4 پوائنٹ کو شمسی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی خلائی تابکاری کا جائزہ لینے اور پیش گوئی کرنے کے لیے موزوں مقام قرار دیا ہے۔

ایل 4 پوائنٹ سے کی جانے والی مشاہدات کو سورج اور زمین کے درمیان موجود ایل 1 پوائنٹ اور زمین کے دوسری جانب ایل 5 پوائنٹ کے مشاہدات کے ساتھ ملاکر خلائی موسم کی پیش گوئی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

کاسا کے نائب ایڈمنسٹریٹر نوہ کیونگ وون نے کہا کہ کاسا کے قیام کے بعد سے گہری خلا کی تلاش میں امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان تعاون تیزی سے بڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ کو دونوں ممالک کے محققین کے لیے وسیع تر مشترکہ پروگراموں کو آگے بڑھانے کے موقع کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

مشترکہ مشن میں خلائی موسم، خلائی تابکاری اور خلائی روشنی کے ذریعے رابطے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اس کے علاوہ ایل 4 ہیلیوسفیرک آبزرویٹری اور اس کے خلائی موسم کی پیمائش کرنے والے آلات کے قیام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بھی شامل ہے۔