شاؤمی نے پاکستان میں ریڈمی نوٹ 15 سیریز کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال ریڈمی نوٹ 15 اور ریڈمی نوٹ 15 پرو کو پیش کیا گیا ہے جب کہ ریڈمی نوٹ 15 پرو پلس 5 جی ماڈل جلد مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
ریڈمی نوٹ 15 میں 6.77 انچ کا ای ایم او ایل ای ڈی پینل ہے جو ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کرتا ہے۔ اس میں آئی پی 64 سرٹیفیکیشن (پانی اور دھول سے تحفظ)، سائیڈ فنگر پرنٹ سینسر اور دوہرے اسپیکرز دیے گئے ہیں۔
ریڈمی نوٹ 15 پرو میں ڈسپلے پر کورننگ گوریلا گلاس وکٹس 2 کا تحفظ ہے۔ اس کی چمک 3200 نٹس تک جاتی ہے۔ اس میں ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سینسر اور آئی پی 65 تحفظ دیا گیا ہے۔
پروسیسر اور سافٹ ویئر
ریڈمی نوٹ 15 میں میڈیا ٹیک ہیلیو جی 100 الٹرا پروسیسر ہے جب کہ نوٹ 15 پرو میں ہیلیو جی 200 الٹرا دیا گیا ہے۔ دونوں فون شاؤمی ہائپر او ایس پر چلتے ہیں۔ پرو ماڈل میں وائی فائی 6، بلوٹوتھ 5.4 اور ای سم کی سہولت بھی شامل ہے۔
کیمرے
ریڈمی نوٹ 15 میں 108 میگا پکسل کا مین کیمرہ، اے آئی ڈیپتھ سینسر اور 20 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ دیا گیا ہے۔
ریڈمی نوٹ 15 پرو میں 200 میگا پکسل کا مین کیمرہ (آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ)، 8 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ سینسر اور 32 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ موجود ہے۔
بیٹری اور قیمت
ریڈمی نوٹ 15 میں 6 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری ہے جو 33 واٹ چارجنگ سپورٹ کرتی ہے جب کہ ریڈمی نوٹ 15 پرو میں 6 ہزار 500 ایم اے ایچ کی بیٹری اور 45 واٹ چارجنگ دی گئی ہے۔
قیمتوں کا جائزہ لیا جائے تو ریڈمی نوٹ 15 (8 جی بی ریم / 128 جی بی اسٹوریج) والا فون 69 ہزار 999 روپے، ریڈمی نوٹ 15 (8 جی بی / 256 جی بی اسٹوریج) والا فون 74 ہزار 999 روپے میں دستیاب ہے۔
اسی طرح ریڈمی نوٹ 15 پرو (8 جی بی / 256 جی بی) والا 94 ہزار 999 روپے، ریڈمی نوٹ 15 پرو (12 جی بی / 512 جی بی) والا 1 لاکھ 14 ہزار 999 روپے میں فروخت کے لیے دستیان ہے۔
ریڈمی نوٹ 15 پرو پلس 5 جی (12 جی بی / 512 جی بی) والا 1 لاکھ 45 ہزار 999 روپے میں جلد دستیاب ہوگا جب کہ یہ فون مائی اسٹور، شاؤمی سیل، دراز اور کور کارٹ کے ذریعے فروخت کیے جارہے ہیں۔
پاکستانی ورژن کا بین الاقوامی ماڈل سے موازنہ
پاکستان میں ریڈمی نوٹ 15 میں بین الاقوامی 5 جی ورژن کے مقابلے میں بڑی بیٹری دی گئی ہے۔ ریڈمی نوٹ 15 پرو 6500 ایم اے ایچ بیٹری اور 200 میگا پکسل کیمرے کے ساتھ آتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ریڈمی نوٹ 15 پرو پلس 5 جی اور دیگر اعلیٰ ماڈلز آنے والے دنوں میں پاکستان میں دستیاب ہوں گے۔




















