Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماں نے ٹھکرادیا، کھلونا بنا سہارا؛ بندر کے بچے کی کہانی نے دنیا کو رُلادیا

بندر کے بچے کی جدوجہد اور حوصلے نے لاکھوں دلوں کو چھولیا ہے

جاپان کے شہر اِچیکاوا کے چڑیا گھر میں ایک ننھا جاپانی بندر اُس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا جب اس کی ویڈیوز منظرِ عام پر آئیں جن میں وہ اپنی ماں کے بجائے ایک نرم کھلونے کو سینے سے لگائے پھرتا دکھائی دیا۔

اس بندر کے بچے کا نام پنچ ہے جس کو پیدائش کے فوراً بعد گزشتہ سال جولائی میں اس کی حقیقی ماں نے قبول نہیں کیا تھا۔ دیکھ بھال کرنے والوں نے اسے تسلی دینے کے لیے اورنگ اُتان نما نرم کھلونا دے دیا جسے بعد میں ’’اورا ماما‘‘ کا نام دیا گیا۔

کئی ماہ تک پنچ کو شاذ و نادر ہی اس کھلونے کے بغیر دیکھا گیا ہو جب کہ اس کی دل کو چھو لینے والی ویڈیوز نے دنیا بھر سے ہمدردی سمیٹی اور وہ توجہ کا مرکز بن گیا۔

 

اب چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنچ آہستہ آہستہ دوسرے بندروں کے ساتھ گھلنا ملنا شروع ہوگیا ہے۔ ابتدا میں اس کے لیے جھنڈ میں واپس جانا مشکل تھا لیکن حالیہ دنوں میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے۔

دیکھ بھال کرنے والوں نے بتایا کہ ایک دوسرے بندر نے اس کی صفائی کی جو بندروں کی سماجی زندگی میں اعتماد اور قبولیت کی اہم علامت سمجھی جاتی ہے۔

 

مزید ویڈیوز میں پنچ کو دوسرے کم عمر بندروں کے ساتھ کھیلتے اور ان کی پیٹھ پر چڑھتے دیکھا گیا۔ ایک موقع پر ایک بڑے بندر کو اسے بانہوں میں لیتے ہوئے بھی دیکھا گیا جسے مبصرین نے اس بات کی علامت قرار دیا کہ پنچ اب تنہا نہیں رہا۔

چڑیا گھر کے ایک نگران کا کہنا ہے کہ پنچ ذہنی طور پر مضبوط ہے اور ڈانٹ پڑنے کے بعد بھی جلد سنبھل جاتا ہے۔ پہلے اس کے ایک نگہبان نے بتایا تھا کہ نرم کھلونے کی ساخت اور شکل نے اسے ماں جیسا احساس دیا اور وہ اس کے لیے متبادل ماں کا کردار ادا کرتا رہا۔

واضح رہے کہ پنچ کی جدوجہد اور حوصلے نے لاکھوں دلوں کو چھولیا ہے اور اب اس کی نئی شروعات کو امید کی علامت سمجھا جارہا ہے۔