محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 13 سے 15 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا جس سے بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
کشمیر کے بالائی علاقوں، چترال، کوہستان، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔ اسی دوران میدانی علاقوں میں دھند کی شدت بھی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 14 اور 15 دسمبر کو بارش ہونے کا امکان ہے۔ خاص طور پر ژوب، شیرانی، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبد اللہ میں بارش متوقع ہے۔
اسی طرح چمن، پشین، کوئٹہ اور نوشکی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے اور نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی سفارش کی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفات سے بچا جا سکے۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 19 دسمبر سے ایک اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے مزید بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔



















