Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

موسم مزید سرد ہونے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے مطابق این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے پہاڑی علاقوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ دو روز کے دوران متوقع بارش اور برفباری کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کا پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 26 اور 27 جنوری کے دوران خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ کے شدید امکانات ہیں۔ دیر، سوات، کالام، کاغان، چترال، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں خطرے کی سطح زیادہ بتائی گئی ہے۔

اسی طرح مری، گلیات، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، غزر، شگر، باغ، مظفرآباد اور گرد و نواح کے پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، جہاں برفباری کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بھی بارش، آندھی اور برفباری کے سبب لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ژوب، ہرنائی، قلات، مستونگ، آواران، پنجگور اور خضدار کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

الرٹ کے مطابق قراقرم ہائی وے، بابوسر روڈ اور کاغان ناران کو ملانے والی رابطہ سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا شدید خدشہ ہے، جب کہ برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش بھی ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ ناگزیر سفر کی صورت میں انتہائی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

ادارے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے، ضروری مشینری اور وسائل کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

سڑکوں کی بندش کی صورت میں برف اور ملبہ ہٹانے والی مشینری اور ریسپانس ٹیموں کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق این ای او سی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق معلومات کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔