اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان، شمالی علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 30 جنوری کی رات سے داخل ہوگا جو 3 فروری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے جب کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی 31 جنوری سے 3 فروری تک بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے۔
اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں یکم سے 3 فروری تک بارش کے امکانات ہیں جب کہ مری، گلیات اور گردونواح میں بھی برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان کے اضلاع میں31 جنوری اور یکم فروری کو بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
کوئٹہ، زیارت، ژوب، چمن اور پشین میں سرد موسم مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، اس لیے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو نصیحت کی ہے کہ وہ برفباری اور بارش کے دوران سفر میں احتیاط کریں اور پہاڑی علاقوں میں سلائڈنگ اور زمین کھسکنے کے خطرات سے خبردار رہیں۔
علاوہ ازیں سرد موسم کے باعث گرمی اور پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے انتظامات کیے جائیں۔



















