Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

11 مارچ تک ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟ این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

سندھ بھر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 6 سے 11 مارچ 2026 کے دوران ملک میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آئندہ چند روز میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگلے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم 9 سے 11 مارچ کے دوران بعض علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں بھی انہی دنوں کے دوران ابر آلود موسم اور ہلکی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات سمیت شمالی بلوچستان میں 7 سے 9 مارچ کے دوران ہلکی بارش اور ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں 6 سے 11 مارچ کے دوران موسم خشک رہنے اور درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ بھر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 6 سے 11 مارچ کے دوران جزوی ابر آلود موسم اور چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خشک موسم اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے جو فصلوں کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے کسانوں کو مؤثر آبپاشی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔