محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں حالیہ جنگی صورتحال کے باعث پیدا ہونے والے آلودہ ذرات ہواؤں کے ذریعے پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں، جس سے فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کشمیر، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، جہلم، گجرات، لاہور اور گوجرانوالہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری اور گلیات سمیت گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


















