Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عید الفطر کے موقع پر سیاحوں کے لیے بڑی خبر؛ شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری کا امکان

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔ ایک نئے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے 17 مارچ کی شام سے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 20 مارچ تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم 17 مارچ کی شام سے بلوچستان میں داخل ہوگا۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، خضدار، کیچ، گوادر، پنجگور، آواران اور گردونواح میں 17 سے 20 مارچ تک بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں چترال، دیر، سوات، کالام، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور گردونواح میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں بارشیں

پنجاب اور اسلام آباد میں 17 مارچ کی رات سے 20 مارچ کی صبح تک بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور گردونواح میں بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

گلگت بلتستان اور کشمیر

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہنزہ، گلگت، اسکردو، دیامر، مظفرآباد، نیلم ویلی، پونچھ، میرپور، کوٹلی اور گردونواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ میں بارش کا امکان

سندھ کے مختلف شہروں میں 18 اور 19 مارچ کو بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔

سیاحتی مقامات کی صورتحال

منگل سے ہفتہ تک شمالی سیاحتی مقامات چترال، سوات، ناران، کاغان، ہنزہ، اسکردو، مری اور نیلم ویلی میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ زیارت میں منگل سے جمعرات کے درمیان بارش متوقع ہے۔

مری، کاغان اور ناران جانے والے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ممکنہ خطرات اور ہدایات

بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ژالہ باری اور تیز آندھی سے فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بارشوں کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔