Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر قائد میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان بھی ہے

شہر قائد میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟

شہر قائد میں گزشتہ شب کم سے کم درجۂ حرارت 23.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس وقت شمال مشرق سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے

لاہور،  اسلام آباد،راولپنڈی، مری، گلیات اور ملکہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش  جاری جبکہ راولاکوٹ، جہلم، منگلا،  منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ اور لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ گجرات، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شورکوٹ، جھنگ، سرگودھا اور ساہیوال میں آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران بارش توقع ہے۔

چترال، دیر، سوات، شانگلہ،  کوہستان، بونیر، بٹگرام اور باجوڑ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر اور اورکزئی اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کی پیش گوئی جبکہ کوئٹہ، زیارت، ڈیرہ غازی خان اور گرد نواح میں آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

 آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران بلند پہاڑوں پر برف باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب  میانوالی شہر  اور گردونواح میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوارہو گیا ہے، جبکہ گوجرہ، میاں چنوں، سرگودھا شہر اور اس کے گردونواح میں  ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

سرگودھا میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا موسم سرد ہو گیا، جبکہ باران رحمت کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، تاہم بارش کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی، گرمی کی شدت میں واضح کمی ہوگئی ہے۔