Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہر قائد میں ممکنہ بارشیں، پولیس کا ہنگامی پلان فعال

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں

کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ فیلڈ کمانڈرز کو بارش کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ٹریفک پولیس کو سڑکوں پر روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو متبادل راستے فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

حکام نے گشت پر مامور پولیس گاڑیوں کو ریسکیو آلات سے لیس کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور شہری انتظامیہ کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 15 پر فوری رابطہ کریں، جبکہ ٹریفک سے متعلق معلومات کیلئے 1915 پر کال کی جا سکتی ہے۔