مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی پر اثرانداز ہو چکا ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
میٹروول، سائٹ ایریا، بلدیہ سمیت دیگر اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور ہلکی بارش ہورہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم 29 مارچ تک سندھ کے مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔
کراچی سمیت دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ شہر میں آج کہیں کہیں تیز بارش کی توقع ہے۔ بارش کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کا امکان بھی موجود ہے۔
موسم کی صورتحال کے پیش نظر 27 مارچ کو موسم میں عارضی وقفے کی توقع ہے، تاہم 28 اور 29 مارچ کو دوبارہ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
دوسری جانب لاہور کا مطلع آج جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا درجہ حرارت کم سے کم 19اور زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے احتیاط کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

















