محکمہ موسمیات نے یکم اپریل سے کراچی سمیت ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اپریل سے ایک طاقتور مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوبی بلوچستان سے ملک میں داخل ہوگا، جس کے باعث 1 سے 4 اپریل کے دوران بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر اور دادو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور تھرپارکر میں بھی موسلادھار بارش اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ آندھی اور تیز ہوائیں کمزور و خستہ حال عمارتوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


















