محکمہ موسمیات نے آج سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
سندھ اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں جن میں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، سبی، تربت، ڈیرہ غازی خان اور ملتان شامل ہیں، درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہید بینظیر آباد اور موئن جو دڑو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح جیکب آباد، اسکرنڈ اور لاڑکانہ میں 47، سکھر اور نوکنڈی میں 46 جبکہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں درجہ حرارت 39، اسلام آباد اور پشاور میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ کراچی اور مظفرآباد میں 35، کوئٹہ میں 33 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


















