Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکہ: 19 ممالک کے شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں معطل، پاکستان شامل نہیں

واشنگٹن: امریکی حکومت نے 19 ممالک کے شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں عارضی طور پر روک دی ہیں، جس میں گرین کارڈ اور شہریت کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ اقدام امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی اور یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (USCIS) کی جانب سے سفارشات جاری کرنے کے بعد عمل میں آیا ہے۔

امریکا کی جانب سے جن ممالک کے شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں معطل کی گئی ہیں، ان میں پاکستان شامل نہیں ہے،

مزید پڑھیں: امریکا: شدید برفانی طوفان سے شکاگو میں سینکڑوں پروازیں منسوخ، ٹریفک حادثات

حالیہ پابندی میں افغانستان، ایران، لیبیا، میانمار، صومالیہ، سوڈان، ترکمانستان، یمن، چاڈ، کانگو، ایکویٹوریل گنی، ایریٹریا، ہیٹی، برونڈی، کیوبا، لاوس، سیرا لیون، توگو اور وینزویلا شامل ہیں۔

نئی سفارشات کے مطابق، تمام امیگریشن کیسز پر حتمی فیصلے، منظوری یا مستردگی، اور شہریت کی تقریبیں عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں، یہاں تک کہ وہ افراد جو تقریباً امریکی شہری بننے والے تھے، بھی اس معطلی کا شکار ہوں گے۔

امریکی حکومت کے مطابق یہ عارضی اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب امریکہ میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر حملہ ہوا، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کی بنیاد پر مزید سخت اقدامات کی منظوری دی۔

مزید پڑھیں: امریکا کا شام میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ، ہتھیاروں کے ذخائر تباہ کرنے کا دعویٰ

USCIS کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ تمام متاثرہ کیسز کی دوبارہ جانچ پڑتال ہوگی، جس میں ممکنہ انٹرویو یا دوبارہ انٹرویو شامل ہو سکتا ہے تاکہ تمام قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کو مدنظر رکھا جائے۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ شہریت حاصل کرنے والے افراد بہترین ہوں اور مستقبل میں قومی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ نہ بنیں۔

اس معطلی کو صرف تب ختم کیا جائے گا جب USCIS کے ڈائریکٹر کی جانب سے نئی سفارشات جاری کی جائیں گی۔

یہ قدم غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ پہلے کبھی اتنی بڑی تعداد میں امیگریشن درخواستیں ایک ساتھ معطل نہیں کی گئی تھیں، اور اس میں تمام اقسام کے امیگریشن فوائد شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں