واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے وٹکوف اور کشنر کی ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگیں رکوانا اور زندگیاں بچانا ان کی اولین ترجیح ہے۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر پیوٹن کے ساتھ وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی ملاقات اچھی رہی ہے، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اس کے نتائج کیا نکلیں گے۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت سمیت 8 جنگیں رکوا چکا، مجھے نوبل انعام ملنا چاہیے ، ٹرمپ
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیوٹن روس, یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہش مند ہیں اور اس سلسلے میں بات چیت آگے بڑھ رہی ہے۔
ٹرمپ کے مطابق سمندر کے راستے امریکا میں منشیات کی اسمگلنگ میں 91 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو ان کی انتظامیہ کی کامیاب حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ روس، یوکرین جنگ میں 27 ہزار روسی فوجی ہلاک ہوئے، جو اس جنگ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ دنیا بھر میں جنگیں رکوانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اب تک آٹھ عالمی تنازعات ختم کرا چکے ہیں، جن میں سے پانچ جنگیں ٹیرف پالیسی کے ذریعے روکی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن دور میں آٹوپین کے ذریعے حکومتی احکامات جاری کیے گئے اور میرے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں ہوئیں۔
مزید پڑھیں: ایران کا عراق پر اثر و رسوخ اور جوہری صلاحیت ختم کردی، صدر ٹرمپ
ٹرمپ نے صومالی نژاد جرائم پیشہ گروہوں کو مینیسوٹا کی بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی معیشت بائیڈن دور کی “کار پالیسی” سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب امریکا دنیا کا پرکشش ترین ملک بن چکا ہے، ملک میں کمپیوٹر چپس کی تیاری شروع ہو گئی ہے اور ’’بگ بیوٹی فل بل‘‘ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ ان کا مقصد امریکا سمیت عالمی سطح پر امن قائم کرنا ہے تاکہ ’’زیادہ سے زیادہ زندگیاں بچائی جا سکیں‘‘۔















