Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریاض اور دوحا کو ہائی اسپیڈ ٹرین سے جوڑنے کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا

ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہوگی

سعودی عرب اور قطر نے گزشتہ روز ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کی دارالحکومتوں ریاض اور دوحا کو ہائی اسپیڈ برقی ریلوے کے ذریعے جوڑا جائے گا۔

یہ پیش رفت دونوں خلیجی ریاستوں کے درمیان تعلقات میں جاری بہتری کا ایک اور نمایاں ثبوت قرار دی جا رہی ہے۔

سعودی سرکاری بیان کے مطابق مجوزہ ہائی اسپیڈ الیکٹرک پیسنجر ریلوے نہ صرف ریاض اور دوحہ کو جوڑے گی بلکہ سعودی شہروں الاحساء (الہفوف) اور دمام کو بھی نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔

 ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہوگی جبکہ دونوں دارالحکومتوں کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً دو گھنٹے رہ جائے گا۔ اس وقت ہوائی سفر تقریباً 90 منٹ کا ہے۔

چھ سال میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ سالانہ ایک کروڑ مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

معاہدے پر دستخط سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دوحہ سے ان کے دورۂ ریاض کے دوران کیے۔

سعودی عرب اور قطر کے تعلقات میں بہتری کا یہ سلسلہ 2021 کے العلاء سمجھوتے کے بعد تیزی سے آگے بڑھا ہے، اس سے قبل 2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر سے سفارتی و سفری روابط منقطع کر دیے تھے۔

متعلقہ خبریں