Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا میں داخلہ مزید مشکل، اب پاسپورٹ نہیں سوشل میڈیا بھی چیک ہوگا

ای ایس ٹی اے درخواست میں محدود معلومات اور 40 ڈالر کی فیس درکار ہوتی ہے

امریکی حکام نے غیر ملکی سیاحوں کے لیے داخلے کی نئی سخت شرائط تجویز کر دی ہیں، جن کے تحت برطانیہ سمیت درجنوں ممالک کے مسافروں سے پانچ سالہ سوشل میڈیا ہسٹری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جا سکے گا۔

یہ شرط ان ممالک کے سیاحوں پر لاگو ہوگی جو بغیر ویزا 90 روز تک امریکا کا سفر کرنے کے اہل ہیں اور ای ایس ٹی اے  فارم پُر کرتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن  اور ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی  کی جانب سے یہ تجویز فیڈرل رجسٹر میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت درخواست گزاروں کو گزشتہ 5 سال کا سوشل میڈیا ڈیٹا فراہم کرنا ہوگا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کون سا مخصوص مواد مانگا جائے گا۔

موجودہ ای ایس ٹی اے درخواست میں محدود معلومات اور 40 ڈالر کی فیس درکار ہوتی ہے، جبکہ یہ سہولت تقریباً 40 ممالک کے شہریوں کو دستیاب ہے جن میں برطانیہ، آئرلینڈ، فرانس، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں۔

تجویز کے مطابق حکام گزشتہ 10 سال کے ای میل ایڈریسز، 5 سال کے فون نمبرز اور خاندان کے افراد سے متعلق اضافی تفصیلات بھی حاصل کر سکیں گے۔

یہ سب تبدیلیاں اسی سال جنوری میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت کی جارہی ہیں، جس کا مقصد قومی سلامتی کو مضبوط کرنا بتایا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد متاثر ہو سکتی ہے اور ان کے ڈیجیٹل پرائیویسی حقوق پر بھی سوالات اٹھ سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب امریکا آئندہ سال فٹبال ورلڈ کپ اور 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں