واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باضابطہ طور پر اپنا ’ٹرمپ گولڈ کارڈ‘ ویزا متعارف کرا دیا، ہے جو تیز ترین امیگریشن کی راہ ہموار کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک راؤنڈ ٹیبل ایونٹ میں کہا، ’’میرے لیے اور ملک کے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ ہم نے ’ٹرمپ گولڈ کارڈ‘ لانچ کر دیا ہے۔‘‘
امریکی میڈیا کے مطابق گولڈ کارڈ ویزے کے پراسس کے لیے نئی ویب سائٹ بھی لانچ کردی گئی ہے، جس میں درخواست دینے کے لیے لنک فراہم کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ 15 ہزار ڈالر کی پروسیسنگ فیس اور بیک گراؤنڈ اپروول کے بعد $1 ملین کی ادائیگی کے ساتھ ٹرمپ گولڈ کارڈ کے ذریعے امریکہ میں رہائش حاصل کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا میں داخلہ مزید مشکل، اب پاسپورٹ نہیں سوشل میڈیا بھی چیک ہوگا
ویب سائٹ کے مطابق درخواست دینے کے بعد ویزے کا عمل چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گا اور اس دوران انٹرویو بھی لیا جائے گا۔ درخواست دہندہ کو ویزا انٹرویو میں شرکت اور اضافی دستاویزات بروقت جمع کروانی ہوں گی۔
کامیاب درخواست دہندہ کو قانونی مستقل رہائشی حیثیت مختلف کیٹگریز میں ان کی غیر معمولی یا شاندار صلاحیتوں کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔
ٹرمپ انتظامیہ جلد ’پلیٹینم کارڈ‘ بھی متعارف کرانے کا عندیہ دے رہی ہے، جس کے لیے $5 ملین کی فیس ادا کر کے غیر ملکی 270 دن تک غیر ملکی آمدنی پر ٹیکس دیئے بغیر امریکہ میں رہ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا، جس میں انہوں نے امیر غیر ملکیوں کے لیے $5 ملین کی فیس کے بدلے شہریت کا راستہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بعد میں ستمبر میں انہوں نے اس کے نفاذ کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے۔
مزید پڑھیں: امریکی سائنسدانوں کا بڑا دعویٰ؛ دنیا ختم ہونے کی تاریخ بھی بتادی
تجارتی وزیر ہاورڈ لوٹ نِک کے مطابق یہ منصوبہ پہلے سے موجود EB-5 امیگرنٹ انویسٹر ویزا پروگرام میں تبدیلی کرے گا، جس میں غیر ملکی سرمایہ کار امریکی پروجیکٹس میں سرمایہ کاری کے بعد ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
لوٹ نِک نے کہا، ’’ہم EB-5 پروگرام میں ترمیم کریں گے۔ ہم صرف بہترین اور غیر معمولی افراد کو ترجیح دیں گے۔‘‘
انہوں نے پہلے روایتی گرین کارڈ عمل پر تنقید کی اور کہا کہ یہ عمل امریکہ کو نچلے درجے کے امیگرنٹس لینے پر مجبور کرتا ہے۔
ٹرمپ نے اس منصوبے کے ذریعے لاکھوں گولڈ کارڈز فروخت کرنے کا امکان ظاہر کیا، اور لوٹ نِک نے کہا کہ اس سے $1 ٹریلین کے قریب قومی قرض کی واپسی کے لیے رقم جمع ہو سکتی ہے۔


















