شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اُن نے روس میں خدمات انجام دینے والے فوجی انجینئرنگ یونٹ کو واپسی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر کم جونگ اُن نے روس میں خدمات انجام دینے کے بعد وطن واپس آنے والے فوجی انجینئرنگ یونٹ کے استقبال کی تقریب میں شرکت کی۔
کم جونگ اُن نے کورین پیپلز آرمی کے 528 ویں انجینئر رجمنٹ کے افسران اور جوانوں کی ’’بہادری‘‘ اور ’’اجتماعی جرات‘‘ کو سراہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ یونٹ اگست کے آغاز میں روس روانہ کیا گیا تھا اور اس نے یوکرین کے خلاف جاری جنگ کے دوران روس کے کرسک ریجن میں جنگی اور انجینئرنگ فرائض سرانجام دیے۔
یہ بھی پڑھیں: یوکرین نے روس کی طرف سے لڑنے والے شمالی کوریا کے 2 فوجیوں کو پکڑ لیا
شمالی کوریائی میڈیا کی جاری کردہ ویڈیوز میں فوجیوں کو طیارے سے اترتے، کم جونگ اُن کو وہیل چیئر پر موجود ایک فوجی کو گلے لگاتے اور حکام و شہریوں کو فوجیوں کا استقبال کرتے دیکھا گیا ہے۔
کم جونگ اُن نے اپنی تقریر میں کہا کہ یونٹ نے جنگی حالات میں خطرناک علاقوں کو کلیئر کیا اور پارٹی و ریاست کے احکامات پر مکمل وفاداری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فوجیوں کی نظم و ضبط، سیاسی تربیت اور باہمی اتحاد کو مسلح افواج کے لیے ایک مثال قرار دیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے کا کہنا ہے کہ مشن کے دوران 9 فوجی ہلاک ہوئے، جنہیں کم جونگ اُن نے ’’انتہائی دلخراش نقصان‘‘ قرار دیا۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں کو جمہوری عوامی جمہوریہ کوریا کے ’’ہیرو‘‘ کا اعزاز دیا گیا جب کہ 528 ویں رجمنٹ کو ’’آرڈر آف فریڈم اینڈ انڈیپنڈنس‘‘ سے نوازنے کا اعلان کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب جمعے کے روز پیانگ یانگ میں منعقد ہوئی جس میں اعلیٰ فوجی حکام، حکمران جماعت کے رہنما، فوجیوں کے اہلِ خانہ اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا روس کے ساتھ دفاعی معاہدے کے تحت یوکرین جنگ میں روسی افواج کی مدد کرتا رہا ہے اور حالیہ مہینوں میں پیانگ یانگ نے اس مشن میں شریک فوجیوں کو سرکاری سطح پر خراجِ تحسین پیش کرنا شروع کردیا ہے۔

















