Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

افغان پناہ گزین عالمی سلامتی کیلئے خطرہ، افغانستان دہشتگردی کا مرکز قرار

مختلف دہشت گرد گروہ اب بھی امریکا اور دیگر ممالک کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں

واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس نے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان کے زیرِ اقتدار افغانستان بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کا ایک طبقہ غیرقانونی سرگرمیوں اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے منسلک پایا گیا ہے۔

ڈائریکٹر امریکی نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ کے مطابق تقریباً 2 ہزار افغان شہری دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ ہیں یا مشتبہ دہشت گرد کے طور پر شناخت کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ

ان کا کہنا تھا کہ مختلف دہشت گرد گروہ اب بھی امریکا اور دیگر ممالک کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) نے انکشاف کیا کہ 18 ہزار افغان شہریوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو ملک میں داخل ہوئے اور سیکیورٹی خدشات کے حامل ہیں۔

حکام کے مطابق ان میں سے بعض افراد کے دہشت گرد گروہوں سے روابط کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

فوکس نیوز کے مطابق این سی ٹی سی کے ڈائریکٹر نے افغان مہاجرین کے ایک حصے کو امریکا کیلئے بڑا سیکیورٹی خطرہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان باشندے اسمگلنگ، غیرقانونی سرگرمیوں اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان: پنجشیر میں اہم طالبان مرکز پر این آر ایف کا حملہ، 17 جنگجو ہلاک

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردی کے بڑھتے خدشات کے پیشِ نظر متعدد ممالک نے افغان باشندوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں عالمی امن و سلامتی کیلئے ایک سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔

حکام نے زور دیا ہے کہ عالمی برادری مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے اس خطرے سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔