Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آسٹریلیا: سڈنی بیچ حملے میں ہلاکتیں 16ہو گئیں، اقوام عالم کی مذمت

دہشتگردانہ حملے کے بعد دنیا بھر کے ممالک اور عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سڈنی: آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 16ہوگئی ہے۔

دہشتگردانہ حملے کے بعد دنیا بھر کے ممالک اور عالمی رہنماؤں نے شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے میں ہلاک افراد کی تعداد 16ہو گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں اور حملہ آور سمیت 38 افراد زخمی ہیں جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: سڈنی حملہ، بھارت کے پاکستان دشمن پروپیگنڈے کی سازش بے نقاب ہو گئی

ادھر سڈنی میں ہوئے دہشتگردانہ حملے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے دہشتگردانہ حملے کی مذمت اور آسٹریلیا سے اظہا یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والے حملے میں فرانسیسی شہری ڈین ایلکایم کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر میکرون نے کہا کہ ڈین ایلکایم کی موت پر وہ بہت زیادہ دکھ محسوس کر رہے ہیں اور اس المناک واقعے میں متاثرہ خاندان اور عزیزوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے فرانسیسی عوام کے نام بھی تعزیت کا پیغام دیا۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے حملے کو خالص شیطانی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملہ آور صرف دو ہی تھے۔

انھوں نے بتایا کہ 50 سالہ باپ موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ 24 سالہ بیٹا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، وزیراعظم نے متاثرہ افراد اور اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی ردعمل

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی، ناروے کے وزیراعظم، ایران، قطر، ترکیہ، آئرلینڈ، اسپین، سعودی عرب، فلسطین اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرہ افراد و اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: سڈنی بونڈی بیچ فائرنگ میں حملہ آور کو قابو کرنے والا احمد ہیرو بن گیا

امریکی ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملے کو خوفناک اور یہود مخالف قرار دیا اور تہوار منانے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا اعلان کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بھی واقعے پر گہرے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

سیکیورٹی اقدامات

سڈنی حملے کے بعد دنیا بھر کے بڑے شہروں میں یہودی تقریبات اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

نیویارک، لندن اور برلن میں اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی تاکہ شہریوں اور عبادت گاہوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

بین الاقوامی ردعمل میں دہشت گردی کے خلاف یکجہتی، متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور عالمی سطح پر سلامتی و تحفظ کے لیے تعاون کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں