Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قوم روس سے جنگ کے لیے تیار رہے، برطانوی ایئرچیف مارشل کا انتباہ

یوکرین میں چار سالہ جنگ کے بعد روسی فوج کو عملی جنگی تجربہ حاصل ہو چکا ہے، جو یورپ اور نیٹو کے لیے سنجیدہ چیلنج ہے

لندن:  دنیا میں جنگ کے امکانات ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے جارہے ہیں، برطانوی ایئر چیف مارشل نے روس سے جنگ کا امکان بھی ظاہر کردیا ہے۔

برطانوی ایئرچیف مارشل سر رچرڈ نائٹن نے خبردار کیا ہے کہ روس کی بڑھتی عسکری صلاحیت ایک حقیقی خطرہ بن چکی ہے، اس لیے برطانیہ کے بیٹے اور بیٹیاں ممکنہ جنگ کے لیے تیار ہو جائیں۔

اپنے بیان میں سر رچرڈ نائٹن نے کہا کہ یوکرین میں چار سالہ جنگ کے بعد روسی فوج کو عملی جنگی تجربہ حاصل ہو چکا ہے، جو یورپ اور نیٹو کے لیے سنجیدہ چیلنج ہے۔

ان کے مطابق کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں برطانوی افواج پہلا دفاعی حصار ہوں گی، جبکہ نیٹو افواج بھی برطانیہ کے ساتھ مل کر دفاع کریں گی۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کو امریکی کنٹرول سے آزاد میڈیا کی ضرورت: نئی بحث چھڑ گئی

برطانوی ایئرچیف مارشل نے زور دیا کہ جنگ کے لیے صرف مسلح افواج کو مضبوط بنانا کافی نہیں، بلکہ دفاعی صنعت اور قومی اداروں کو بھی مستحکم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی عوام کو بھی ذہنی اور عملی طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

سر رچرڈ نائٹن نے ایک فرانسیسی جرنیل کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو قوم کو بڑی قربانیوں، حتیٰ کہ بچوں کی قربانی کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں قومی یکجہتی اور جامع تیاری ہی برطانیہ کی سلامتی کی ضمانت ہے۔

متعلقہ خبریں