Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دنیا کے 10 امیر ترین افراد نے دولت کے نئے ریکارڈ توڑ دیے، حیران کن اعداد و شمار

مائیکروسافٹ کے سابق چیف ایگزیکٹو اسٹیو بالمر آٹھویں نمبر پر ہیں

دنیا کے 10 امیر ترین کاروباری شخصیات کی مجموعی دولت 16 دسمبر تک 2.5 ٹریلین ڈالر سے بڑھ گئی ہے، جبکہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک بدستور دنیا کے سب سے امیر فرد قرار پائے ہیں، جن کی دولت 638 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق سال کے آغاز کے مقابلے میں دنیا کے ٹاپ 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت میں 558.9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ مجموعی طور پر 2.536 ٹریلین ڈالر ہو گئی۔

فہرست میں شامل 10 میں سے 9 ارب پتی امریکی ہیں جبکہ ایک کا تعلق فرانس سے ہے۔ ان میں سے 8 شخصیات ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

ایلون مسک کی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ

فہرست میں سرفہرست ایلون مسک نے رواں سال کے آغاز سے اب تک اپنی دولت میں 205 ارب ڈالر کا اضافہ کیا اور 638 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز برقرار رکھا۔

یہی اضافہ فہرست میں سب سے زیادہ قرار دیا گیا ہے۔ ایلون مسک مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI کے بھی مالک ہیں۔

دوسرے نمبر پر گوگل کے شریک بانی لیری پیج ہیں، جن کی دولت 265 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ ان کی دولت میں رواں سال 96.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

تیسرے نمبر پر گوگل ہی کے شریک بانی سرگے برِن موجود ہیں، جن کی مجموعی دولت 247 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سال کے دوران ان کی دولت میں 88.2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

چوتھے نمبر پر امریکی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے مالک جیف بیزوس ہیں، جن کی دولت 246 ارب ڈالر ہے۔ بیزوس نے رواں سال کے آغاز سے اب تک اپنی دولت میں 7 ارب ڈالر کا اضافہ کیا۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے بانی لیری ایلیسن پانچویں نمبر پر رہے، جن کی دولت 238 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ ایلیسن کی دولت میں سال کے دوران 46.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔

میٹا کے مالک مارک زکربرگ چھٹے نمبر پر ہیں، جن کی دولت 229 ارب ڈالر ہو گئی، جبکہ رواں سال ان کی دولت میں 21.5 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فرانسیسی لگژری فیشن برانڈز کے مالک برنارڈ آرنو ساتویں نمبر پر رہے۔ ان کی دولت میں بھی اسی عرصے کے دوران 26.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور مجموعی دولت 202 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی کے سربراہ کا نوواں نمبر

مائیکروسافٹ کے سابق چیف ایگزیکٹو اسٹیو بالمر آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ان کی دولت رواں سال کے دوران 19 ارب ڈالر بڑھ کر 166 ارب ڈالر ہو گئی۔

نویں نمبر پر دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ ہیں، جن کی دولت 153 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ سال کے آغاز سے اب تک انہوں نے 39 ارب ڈالر اپنی دولت میں شامل کیے۔

اگرچہ حالیہ دنوں میں ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر سیکٹر میں زیادہ قیمتوں کے خدشات کے باعث این ویڈیا کی مارکیٹ ویلیو میں کچھ کمی دیکھی گئی، تاہم کمپنی اب بھی 4.292 ٹریلین ڈالر کے ساتھ دنیا کی سب سے قیمتی کمپنی ہے۔

فہرست میں دسویں نمبر پر دنیا کے معروف سرمایہ کار وارن بفیٹ موجود ہیں۔ 16 دسمبر تک ان کی دولت 152 ارب ڈالر رہی، جبکہ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے رواں سال کے دوران مزید 10.2 ارب ڈالر اپنی دولت میں اضافہ کیا۔