Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سڈنی حملہ: دہشتگرد ساجد اکرم کا بھارتی پاسپورٹ سامنے آگیا

دہشتگرد ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانے نے 24 فروری 2022 کو 10 سال کے لیے جاری کیا

سڈنی:  آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں حملے میں ملوث بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کے پاسپورٹس منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔

سڈنی کے بونڈی بیچ حملے میں ملوث بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کے پاسپورٹس منظرِ عام پر آنے سے حملہ آوروں کی بھارتی شہریت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی سفارتخانے نے 24 فروری 2022 کو 10 سال کے لیے جاری کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ایمبیسی کو ابتدا ہی سے حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا، تاہم بھارتی حکام نے دانستہ طور پر یہ حقیقت چھپائے رکھی۔

مزید پڑھیں: سڈنی بیچ حملہ، ملزم نوید اکرم پر فرد جرم عائد، 59 الزامات شامل

سڈنی حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے گمراہ کن پروپیگنڈا کرتے ہوئے حملہ آور کو پاکستانی قرار دینے کی کوشش کی گئی، جسے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی جریدے دی گارڈین کے مطابق، 2020 میں آسٹریلیا نے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے دو اہلکاروں کو ملک بدر کیا تھا۔

یہ اقدام ایک ایسے نیٹ ورک کے خلاف کیا گیا جسے آسٹریلوی خفیہ اداروں نے “جاسوسوں کا گٹھ جوڑ” قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، ان بھارتی ایجنٹس کا تعلق آسٹریلیا میں مقیم بھارتی افراد کی پروفائلنگ سے بھی تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سڈنی حملے میں ملوث دونوں دہشت گردوں کے بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے روابط کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل دہشت گرد ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں