Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ماسکو، کار بم دھماکے میں روسی فوج کے جنرل ہلاک

جنرل روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف میں آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ تھے

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اعلیٰ روسی فوجی افسر ہلاک ہو گیا۔

روسی تحقیقاتی اداروں کے مطابق دھماکا جنوبی ماسکو میں اس وقت ہوا جب ایک گاڑی کے نیچے نصب بارودی مواد پھٹ گیا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیترنکو نے بتایا کہ دھماکے میں لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف جانبر نہ ہو سکے۔

وہ روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف میں آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ تھے اور شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ترجمان کے مطابق تفتیش کار اس قتل کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیرِ غور ایک امکان یہ بھی ہے کہ اس حملے کی منصوبہ بندی یوکرینی انٹیلی جنس سروسز نے کی ہو۔

روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکا ماسکو کی یاسینیوا اسٹریٹ پر واقع ایک پارکنگ ایریا میں صبح تقریباً سات بجے پیش آیا، جب گاڑی میں ڈرائیور موجود تھا۔

یاد رہے کہ دسمبر 2024 میں یوکرین کی سکیورٹی سروس نے اسی نوعیت کے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں ایک اور سینئر روسی فوجی افسر ہلاک ہوا تھا۔

اس حملے میں لیفٹیننٹ جنرل ایگور کیریلوف، جو روسی فوج کے جوہری، حیاتیاتی اور کیمیائی تحفظ کے دستوں کے سربراہ تھے، اپنے اپارٹمنٹ کے باہر ایک الیکٹرک اسکوٹر میں نصب بم کے دھماکے سے مارے گئے تھے۔

اس واقعے میں کیریلوف کے معاون ایلیا پولیکارپوف بھی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ ایسے وقت ہوا تھا جب کیف کی جانب سے ایک روز قبل لیفٹیننٹ جنرل کیریلوف پر فوجداری الزامات عائد کیے گئے تھے۔