فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحری طاقت میں مزید اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور چین امریکی بحری طاقت کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
فلوریڈا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحریہ کی جدید کاری، نئے طیارہ بردار جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحری فوج دنیا میں بے مثال ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو نئے بحری جہازوں کی اشد ضرورت تھی، اسی لیے جدید ترین طیارہ بردار جہاز امریکی بحری بیڑے میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی سب میرینز دنیا میں سب سے زیادہ جدید ہیں اور آبدوز سازی کے میدان میں امریکا کسی بھی ملک سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق اس وقت 15 جدید ترین آبدوزیں تیاری کے مراحل میں ہیں، جبکہ جدید بحری بیڑے کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ چین اور روس سمیت کوئی بھی ملک آبدوزوں کے میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
خطاب میں امریکی صدر نے بحریہ کے لیے “گولڈن فلیٹ” کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیا بحری جہاز کسی بھی دوسرے جہاز کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ طاقتور ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وکٹری نامی جہاز امریکی فوج کی طاقت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور جہاز سازی کی صنعت کی بحالی میں مدد ملے گی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ کیریبین میں سمندری راستوں سے منشیات کی اسمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آئی ہے، منشیات سے بھری کشتیوں کو سمندر میں نشانہ بنا کر تباہ کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق امریکا میں گزشتہ سال منشیات کے استعمال سے 3 لاکھ افراد ہلاک ہوئے، جبکہ منشیات کی کشتی تباہ کرنے سے ہر بار 25 ہزار جانیں بچتی ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کی سرحدیں محفوظ اور معیشت مضبوط ہے، بحریہ کو نئی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا رہا ہے، اور یہ اقدامات دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کو خوفزدہ کر دیں گے۔



















