Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، ویزہ سروس معطل

بنگلا دیشی حکام کے مطابق دو روز قبل نئی دہلی میں ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا

ڈھاکہ: بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث نئی دہلی میں قونصلر اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیشی مشن نے بتایا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر قونصلر اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں۔

بنگلا دیشی حکام کے مطابق دو روز قبل نئی دہلی میں ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی مظاہرین کی جانب سے ہائی کمشنر کو قتل کی دھمکیاں بھی دی گئیں، جس کے بعد سیکیورٹی صورتحال تشویشناک ہو گئی۔

دوسری جانب بھارت نے بھی ایک روز قبل بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ میں ویزا سینٹر بند کر دیا تھا، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی ایک اور علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا خدمات 21 دسمبر 2025 سے معطل ہیں اور دوبارہ شروع ہونے کا فیصلہ مقامی صورتحال کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ اقدامات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سرد مہری بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ صورتحال پر نظر رکھنے کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطوں کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔