Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیکساس، میکسیکن نیوی کا طبی مشن طیارہ گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک

طیارہ ایک طبی مشن کے تحت مچو اینڈ ماو فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کر رہا تھا

امریکا کی ریاست ٹیکساس میں میڈیکل مشن پر جانے والے میکسیکن نیوی کے ایک چھوٹے طیارے کے حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ پیر کی دوپہر گیلویسٹن کے قریب پیش آیا، جہاں طیارہ گر کر ٹیکساس کے ساحلی پانیوں میں جا گرا، جس کے بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

میکسیکو کی نیوی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو جاری بیان میں بتایا کہ طیارے میں آٹھ افراد سوار تھے، جن میں چار نیوی افسران اور چار شہری شامل تھے۔

شہری مسافروں میں ایک بچہ بھی موجود تھا۔ نیوی کے مطابق دو مسافر ایک غیر منافع بخش تنظیم سے وابستہ تھے جو شدید جلنے والے میکسیکن بچوں کو علاج کے لیے گیلویسٹن کے اسپتال منتقل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

یو ایس کوسٹ گارڈ کے پیٹی آفیسر لوک بیکر نے تصدیق کی کہ کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

عینی شاہد اسکائی ڈیکر، جو ایک پیشہ ور یاٹ کپتان ہیں، نے بتایا کہ وہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اپنی کشتی پر موقع پر پہنچے۔

ان کے مطابق گھنی دھند کے باعث طیارہ تقریباً مکمل طور پر پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔ ڈیکر نے ایک شدید زخمی خاتون کو ملبے کے نیچے پھنسا ہوا پایا، جس کے پاس سانس لینے کے لیے بمشکل چند انچ کی جگہ تھی، جبکہ پانی میں جیٹ ایندھن بھی پھیلا ہوا تھا۔

میکسیکو کی نیوی نے کہا کہ طیارہ ایک طبی مشن کے تحت مچو اینڈ ماو فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کر رہا تھا، جو جان لیوا جلنے والے بچوں کو گیلویسٹن کے شری نرسنگ اسپتال منتقل کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی ٹیمیں حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ ماہرین کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں شدید دھند موجود تھی، تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا موسم حادثے کی براہِ راست وجہ بنا۔