Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت میں کرسمس منانا جرم بن گیا، مسیحی برادری ہندو انتہاپسندوں کے نشانے پر

کرسمس کی تقریبات میں شریک افراد کو تشدد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا

دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کی خوشیاں منا رہی ہے، مگر بھارت میں یہ مذہبی تہوار خوف اور عدم تحفظ کے سائے میں منایا جا رہا ہے، جہاں مختلف ریاستوں میں ہندو انتہاپسند عناصر نے مسیحیوں اور ان کی مذہبی علامتوں کو نشانہ بنایا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسمس کے موقع پر بھارت کے کئی علاقوں میں ہندو انتہاپسند گروہوں نے گرجا گھروں پر حملے کیے، کرسمس کی تقریبات میں شریک افراد کو تشدد اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا اور مذہبی آزادی کو کھلے عام پامال کیا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارت بھر میں مسیحی اجتماعات، کرسمس سجاوٹ اور مذہبی سرگرمیوں پر حملوں، دھمکیوں اور رکاوٹوں کے درجنوں واقعات سامنے آئے ہیں، جس سے اقلیتی برادری میں شدید خوف و تشویش پھیل گئی ہے۔

دارالحکومت نئی دہلی میں انتہاپسند تنظیم بجرنگ دل کے کارکنوں نے سانتا کلاز کی ٹوپیاں پہنے خواتین اور بچوں کو سرِعام ہراساں کیا، انہیں غیر ہندو ثقافت سے جوڑتے ہوئے دھمکیاں دیں اور گھروں تک محدود رہنے کا انتباہ کیا۔

ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور میں کرسمس کی سجاوٹ کو نقصان پہنچانے کی ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں، جہاں ہندو انتہاپسندوں نے شاپنگ مالز میں لگ

ائی گئی کرسمس آرائش کو بھی نہیں بخشا۔ اسی طرح آسام میں بجرنگ دل کے کارکنوں نے کرسمس سجاوٹ کو آگ لگا دی۔

مدھیہ پردیش میں انتہاپسند عناصر نے گرجا گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور اشتعال انگیز نعرے لگائے، جبکہ اتر پردیش میں گرجا گھر کے باہر مذہبی گیتوں کی آڑ میں مسیحی افراد کو ہراساں کیا گیا۔

کیرالہ میں 21 دسمبر کو کرسمس کے گیت گانے والے بچوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا گیا، جہاں بچوں کے موسیقی کے آلات توڑ دیے گئے، جس پر انسانی حقوق کے حلقوں نے سخت تشویش کا اظہار کیا۔

ادھر اتر پردیش حکومت کی جانب سے اسکولوں میں کرسمس کی تعطیل ختم کیے جانے کے فیصلے نے بھی مسیحی برادری میں بے چینی پیدا کر دی ہے، جسے اقلیتوں کے مذہبی حقوق پر ایک اور وار قرار دیا جا رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاپسندی اور اقلیتوں کے خلاف تشدد مودی حکومت کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے، جہاں مذہبی آزادی اور رواداری کی جگہ نفرت اور عدم برداشت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔