کابل: افغانستان میں طالبان رجیم کی نااہلی اور انسان دشمن پالیسیوں کے نتیجے میں ادویات کا بحران سنگین شکل اختیار کر گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق افغانستان پر قابض طالبان نے پاکستان سے ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی، جس کے باعث ملک میں ادویات کی قلت اور غیر معیاری ادویات کی بھرمار ہو گئی ہے۔
افغان جریدہ ہشت صبح نے بھی اس بحران کی تصدیق کی اور واضح کیا کہ بچوں، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناقص ادویات کے بے اثر ہونے کی وجہ سے مریض اسمگل شدہ ادویات استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے صحت عامہ کو بڑا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں ادویات کی کمی اور مہنگائی ایک سنگین انسانی المیہ کی شکل اختیار کر چکی ہے اور مستقبل میں یہ بحران صحت کے لیے مہلک نتائج پیدا کر سکتا ہے۔
















