Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یونان کے مختلف علاقوں میں برفباری کا آغاز، درجہ حرارت منفی سطح تک گر گیا

برفباری نے سیاحتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے

یونان کے مختلف علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

ایتھنز سے باہر واقع سیاحتی مقام پارنسوس کے بلند علاقوں میں برف کی موٹی تہہ جم چکی ہے جبکہ درجہ حرارت منفی سطح تک گر گیا ہے۔

برفباری کے باعث علاقے کی سڑکیں سفید چادر میں ڈھک گئی ہیں اور حدِ نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بعض راستوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس کے پیش نظر ڈرائیوروں کو گاڑیوں میں چینز (زنجیروں) کے استعمال کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔

دوسری جانب برفباری نے سیاحتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے، جہاں اسکی ریزورٹس میں شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے اور برفباری سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید برفباری کا امکان ہے۔ حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔