واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ نے کیا ہے کہ روس اور یوکرین امن معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں اور صرف ایک دو نکات کا حل باقی رہ گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن امن کے لیے سنجیدہ ہیں اور یوکرین و روس کے صدور دونوں جنگ بندی اور امن معاہدے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صدر زیلنسکی سے ملاقات سے قبل انہوں نے صدر پیوٹن سے فون پر بات کی تھی جو نہایت کامیاب رہی۔
امریکی صدر کے مطابق یوکرین کے لیے سیکیورٹی معاہدے کے ساتھ ساتھ معاشی فوائد بھی شامل ہوں گے جبکہ امن مذاکرات اب آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ زیلنسکی سے ملاقات کے بعد وہ ایک بار پھر صدر پیوٹن سے بات کریں گے تاکہ باقی نکات پر پیش رفت ممکن ہو سکے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ آج یورپی رہنماؤں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں اور یورپی ممالک کے ساتھ امن کے حوالے سے ہونے والی بات چیت شاندار رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر حالات حوصلہ افزا ہیں اور یوکرین و روس کے درمیان امن معاہدہ جلد طے پانے کی امید ہے۔


















