جاپان کے مغربی علاقے چوگوکو میں 6.2 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا جس کے بعد متعدد شدید آفٹر شاکس نے عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی کے مطابق پہلے زلزلے کا مرکز شیمانے پریفیکچر کے مشرقی حصے میں تھا، تاہم خوش قسمتی سے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔
زلزلے کی شدت جاپانی پیمانے پر اپر-5 ریکارڈ کی گئی، جو اتنی طاقتور تھی کہ بغیر سہارے چلنا مشکل ہو گیا۔ اچانک جھٹکوں کے باعث شہری گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے جبکہ کئی علاقوں میں خوف کا سماں پیدا ہو گیا۔
زلزلے کے مرکز سے تقریباً 32 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شیمانے نیوکلیئر پاور اسٹیشن کے بارے میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ یونٹ نمبر 2 میں تمام آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔
جاپان کی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق زلزلے کے بعد کسی قسم کی تکنیکی خرابی یا غیر معمولی صورتحال سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ شیمانے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا یہ یونٹ دسمبر 2024 میں دوبارہ فعال کیا گیا تھا، جو مارچ 2011 کے فوکوشیما تباہ کن حادثے کے بعد پہلی بار بحال ہوا تھا، جب جاپان کے تمام نیوکلیئر پلانٹس بند کر دیے گئے تھے۔
جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلہ خیز ممالک میں شمار ہوتا ہے، جہاں دنیا کے تقریباً پانچواں حصے کے 6 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے ریکارڈ ہوتے ہیں۔ حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔



















