Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قطبِ شمالی کی سمت امریکی جنگی طیاروں کی گھن گرج سنائی دینے لگی

اس پوری کارروائی سے گرین لینڈ کی مقامی حکومت کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے

دنیا کے سرد ترین مگر اسٹریٹجک لحاظ سے نہایت اہم خطے گرین لینڈ میں امریکی عسکری سرگرمیوں نے نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔

امریکا نے شمالی سرحدوں کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے جنگی طیارے گرین لینڈ منتقل کرنا شروع کر دیے ہیں، جسے عالمی سیکیورٹی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی و کینیڈین مشترکہ دفاعی کمان نوراڈ (NORAD) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی جنگی طیارے جلد ہی گرین لینڈ میں واقع امریکی فوجی اڈے پر تعینات ہو جائیں گے۔

ادارے کے مطابق اس پوری کارروائی سے گرین لینڈ کی مقامی حکومت کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔

نوراڈ کا کہنا ہے کہ یہ فوجی تعیناتی ڈنمارک کی حکومت کے ساتھ مکمل مشاورت اور ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے، جبکہ تمام سفارتی اجازت نامے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

عسکری ذرائع کے مطابق یہ اقدام کسی فوری تصادم کا اشارہ نہیں بلکہ بدلتے ہوئے عالمی خطرات کے تناظر میں دفاعی تیاریوں کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ گرین لینڈ اگرچہ ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے، تاہم 1951 میں امریکا اور ڈنمارک کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کے تحت امریکا خطے کے تحفظ کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔

اس کے علاوہ 1958 میں سرد جنگ کے دوران قائم کیا گیا ادارہ نوراڈ آج بھی شمالی امریکا کے فضائی دفاع اور بیلسٹک میزائلوں کی نگرانی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں