Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انسانی بحران کے سائے میں قدرتی آفت، افغانستان میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی

حالیہ موسمی تباہی کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہوئے ہیں۔

کابل: افغانستان میں شدید بارشوں اور برفباری نے ایک اور سنگین انسانی المیے کو جنم دے دیا ہے، جہاں مختلف صوبوں میں قدرتی آفات کے باعث کم از کم 61 افراد جان کی بازی ہارگئے جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

موسمی شدت نے پہلے سے معاشی اور انسانی بحران کا شکار افغان عوام کے لیے مشکلات مزید بڑھادی ہیں۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز سے ملک کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش اور شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

پروان، وردک، قندھار، جوزجان، فاریاب اور بامیان کے علاقوں میں موسم کی شدت نے گھروں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا جس کے باعث روزمرہ زندگی تقریباً مفلوج ہوچکی ہے۔

افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ موسمی تباہی کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہوئے ہیں جب کہ 450 سے زائد رہائشی مکانات مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہوگئے ہیں۔

متعدد علاقوں میں برفانی تودے گرنے کے خطرات کے پیش نظر مرکزی شاہراہوں اور بین الصوبائی راستوں کو بند کردیا گیا ہے جس سے امدادی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق شدید برفباری اور بارشوں کے باعث مویشیوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جس سے متاثرہ خاندانوں کی آمدن متاثر ہوئی اور معاشی بحران مزید گہرا ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی بعض علاقوں میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث جانی و مالی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ قدرتی آفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان پہلے ہی شدید انسانی بحران کی لپیٹ میں ہے، جہاں لاکھوں افراد خوراک کی قلت، غربت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث بین الاقوامی امداد کے محتاج ہیں۔ موسم کی یہ تازہ شدت حالات کو مزید سنگین بناسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں