واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو سخت تنبیہ کی ہے کہ اگر اس نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا تو امریکا فوراً کینیڈا کی تمام اشیاء پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کینیڈا کو مکمل طور پر نگل جائے گا، اس کے کاروبار، سماجی ڈھانچہ اور طرزِ زندگی کو تباہ کردے گا۔
صدر ٹرمپ نے مارک کارنی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کینیڈا کو چین کے لیے ’’ڈراپ آف پورٹ‘‘ بنانے کی کوشش کریں گے تو یہ ایک سنگین غلط فہمی ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ چینی مصنوعات کو براہِ راست امریکہ میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ’’اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ معاہدہ کیا تو فوراً تمام کینیڈا کی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اس معاملے میں سخت رویہ اختیار کرے گا اور کسی بھی تجارتی غفلت کو برداشت نہیں کرے گا۔
یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری کیا جس میں انہوں نے چین اور کینیڈا کے درمیان ممکنہ تجارتی تعلقات پر سخت خبردار کیا اور کہا کہ کینیڈا کے کاروباری اور سماجی ڈھانچے کو چین کی جانب سے نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔





















