Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سفارتی محاذ پر بھارت کو ایک اور کاری ضرب، بنگلا دیش نے راستہ بدل لیا

عالمی منڈی میں دفاعی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب نے اس فیصلے کو مزید تقویت دی

خطے میں بھارت کو ایک اور واضح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں بنگلادیش نے چٹاگانگ میں مجوزہ انڈین اکنامک زون کو باضابطہ طور پر منسوخ کر دیا۔

ڈھاکا حکومت نے اس منصوبے کی جگہ ڈیفنس اکنامک زون قائم کرنے کا فیصلہ کر کے نئی سمت اختیار کر لی ہے۔

بنگلادیش اکنامک زونز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین چوہدری عاشق محمود بن ہارون نے ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کا اعلان کیا۔

ان کے مطابق یہ فیصلہ اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس نے بھارتی منصوبے پر حتمی طور پر خطِ تنسیخ پھیر دیا۔

چوہدری عاشق محمود کا کہنا تھا کہ بنگلادیش اب غیر ملکی اقتصادی اثرورسوخ کے بجائے اپنی دفاعی اور فوجی صنعت کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔

نئے دفاعی اقتصادی زون کا مقصد ملکی سطح پر اسلحہ اور دفاعی ساز و سامان کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ فوجی صنعت سے متعلق منصوبہ بندی طویل عرصے سے جاری تھی اور اس پر آرمڈ فورسز ڈویژن، وزارتِ دفاع اور چیف ایڈوائزر کے دفتر مشترکہ طور پر کام کر رہے تھے۔

عالمی منڈی میں دفاعی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب نے اس فیصلے کو مزید تقویت دی۔

بنگلادیشی حکام کے مطابق تقریباً 850 ایکڑ اراضی پہلے بھارتی اکنامک زون کے لیے مختص تھی، جسے گزشتہ سال جون میں خاموشی سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

اب اسی علاقے کو ماسٹر پلان میں باقاعدہ طور پر دفاعی اقتصادی زون میں شامل کیا جا رہا ہے۔

چوہدری عاشق محمود نے مزید بتایا کہ بنگلادیش اپنے دوست ممالک کے ساتھ اس منصوبے پر مشاورت کر رہا ہے۔

فی الحال یہ طے نہیں کیا گیا کہ کون سا فوجی ساز و سامان تیار کیا جائے گا، کیونکہ اس کا انحصار ملکی ضرورت اور عالمی طلب پر ہوگا۔