امریکا میں حالیہ شدید سردی اور طوفان کے باعث 14 ریاستوں میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مقامی حکام اور نیوز رپورٹس کے مطابق، طوفان نے مرکزی اور مشرقی امریکا میں برف باری، برفیلے راستے اور منفی درجہ حرارت کے حالات پیدا کر دیے ہیں۔
یہ طوفان جمعہ سے شروع ہوا اور ہفتے کے اختتام تک وسیع علاقوں میں برف برسائی، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر ٹریفک رک گیا، پروازیں منسوخ ہو گئیں اور بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔
طوفان کے کمزور ہونے کے بعد شدید سردی باقی رہی، جو جاری رہنے کا امکان ہے۔ منگل تک متعدد شہروں نے ایمرجنسی ریسپونڈرز اور وسائل متحرک کر دیے تاکہ شہری، خاص طور پر بے گھر افراد، محفوظ رہیں۔ تقریباً 550,000 گھروں اور کاروباری مقامات میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔
نیویارک شہر:
میئر ظہران ممدانی کے مطابق نیویارک میں 10 افراد ہلاک ہوئے، جہاں درجہ حرارت آٹھ سال کی سب سے کم سطح پر 8 ڈگری فارنہائٹ تک پہنچ گیا۔ زیادہ تر ہلاک شدگان کو شہر کی سڑکوں پر پایا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ بے گھر تھے یا نہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا میں شدید برفانی طوفان؛ 7 افراد ہلاک، ریڈ الرٹ جاری
میئر نے کہا کہ کچھ ہلاک شدگان نے پہلے بھی پناہ گاہوں سے رابطہ کیا تھا، لیکن ابھی مکمل وجوہات واضح نہیں ہیں۔ نیویارک شہر نے اس ہفتے ہونے والے سالانہ بے گھر افراد کے سروے کو مؤخر کر کے فروری کے اوائل تک منتقل کر دیا۔
نیویارک میں 4,000 سے زائد بے گھر افراد میں سے تقریباً 500 کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ جن کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔
نینشل ویل، ٹینیسی:
نینشل ویل میں، جہاں 680,000 کے قریب آبادی اور 135,000 گھروں و کاروباری مقامات میں بجلی نہیں تھی، درجہ حرارت بدھ کی صبح 6 ڈگری فارنہائٹ تک گرنے کا امکان ہے۔
میئر فریڈی اوکونل نے اسے ایک تاریخی برفانی طوفان قرار دیا۔ شہر کی تین پناہ گاہیں اور دو اضافی مراکز تقریباً 1,400 بے گھر افراد سے بھر چکی ہیں، جبکہ پولیس اور فائر فائٹرز اضافی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اموات کی وجوہات:
اموات میں زیادہ تر ہائیپوتھرمیا، برف میں پھنسنے اور دل کے دورے شامل ہیں۔
ٹیکساس کے بونہم میں تین بچے برفیلے پانی میں گر کر ہلاک ہوئے، جبکہ آسٹن میں ایک شخص ہائیپوتھرمیا کے باعث مرا۔ دیگر اموات کینساس، کینٹکی، لوزیانا، مسیسیپی، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی اور مشی گن میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
تقریباً 200 ملین امریکیوں کو یکم فروری تک مختلف سردی وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مشرقی امریکا میں اس ہفتے کے آخر میں نیا طوفان آنے کا امکان ہے۔




















