واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایک طاقتور امریکی بحری بیڑہ غیر معمولی رفتار اور طاقت کے ساتھ ایران کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس بحری بیڑے کی قیادت جدید طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کررہا ہے جو جدید عسکری صلاحیتوں سے لیس ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی بحری بیڑہ پوری تیاری اور طاقت کے ساتھ اپنے ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ اقدام خطے میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو فوری طور پر صورتحال کی سنگینی کو سمجھنا چاہیے، انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کی میز پر آئے اور ایک ایسا منصفانہ معاہدہ کرے جس کے تحت ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایسا معاہدہ ہونا چاہیے جو نہ صرف امریکا بلکہ تمام متعلقہ فریقین کے مفاد میں ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے ختم ہورہا ہے اور اگر ایران نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو نتائج پہلے سے کہیں زیادہ سنگین ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی قسم کی کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کے اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں جب کہ عالمی برادری ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

















