ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہمہ وقت الرٹ ہیں اور ان کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں، کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران بری، بحری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ان کے مطابق 12 روزہ جنگ کے تجربات نے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے اور اب ایران پہلے سے کہیں زیادہ تیز، مؤثر اور طاقتور ردِعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران منصفانہ اور باوقار جوہری معاہدے کا حامی ہے اور دھمکیوں، دباؤ اور جبر سے پاک نیوکلیئر ڈیل چاہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پرامن جوہری ٹیکنالوجی ایران کا قانونی حق ہے۔
مزید پڑھیں: طاقتور بحری بیڑہ ایران کی جانب بڑھ رہا ہے، ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ
عباس عراقچی نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی اور جوہری ہتھیار ایران کی دفاعی حکمت عملی کا حصہ نہیں ہیں۔
امریکا کا کوئی بھی حملہ جنگ کے مترادف ہوگا، سینئر مشیر سپریم لیڈر
ایرانی سپریم لیڈر کے سینئر مشیر نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا کی جانب سے کوئی بھی فوجی کارروائی کی گئی تو اسے ایران کے لیے جنگ کے آغاز کے مترادف تصور کیا جائے گا۔
علی شمخانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے کوئی بھی اقدام فوری، ہمہ گیر اور بے مثال جواب کا باعث بنے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کا ردِعمل صرف امریکا تک محدود نہیں رہے گا بلکہ تل ابیب کے مراکز اور اس کے تمام حامیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
شمخانی نے زور دیا کہ ایران ہر جارحیت کے خلاف مؤثر اور بھرپور دفاع کے لیے مکمل تیار ہے، اور کسی بھی دشمن کو ایرانی سرزمین یا حامیوں پر حملے کی جرات نہیں کرنے دی جائے گی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی امریکا اور اسرائیل کو ایک بار پھر وارننگ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے امریکا اور اسرائیل کو ایک بار پھر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے رویے اور نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور ہر ممکنہ اقدام سے نمٹنے کے لیے مکمل منصوبہ بندی موجود ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق 12 روزہ جنگ سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ایران کے خلاف فوجی آپریشن ناکام رہا ہے اور دشمن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہوا۔
آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ جنگ کا ماحول بنا کر خوف پھیلانا اور بحری جہاز تعینات کرنا امریکا کا پرانا حربہ ہے، جس سے ایران مرعوب نہیں ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایرانی مسلح افواج ہر سطح پر مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔




















