Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کولمبیا میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار، رکنِ پارلیمنٹ سمیت 15 افراد ہلاک

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو کا سانحے پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار

کولمبیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں سوار تمام 15 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں کولمبیا کے رکنِ پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی ایئرلائن ساتینا (Satena) کا یہ طیارہ کوکوٹا ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 42 منٹ پر اوکانا کے لیے روانہ ہوا تھا، جہاں پہنچنے کا دورانیہ تقریباً 40 منٹ تھا۔

طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے آخری رابطہ پرواز کے چند منٹ بعد ہی منقطع ہو گیا، ایئرلائن کے مطابق مقامی کمیونٹی کیوراسیکا کے حکام نے طیارے کے گرنے کی جگہ کی نشاندہی کی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئیں۔

بعد ازاں کولمبیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی کہ جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ حادثے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔

مزید پڑھیں: کولمبیا کے صدارتی امیدوارپر قاتلانہ حملے کی فوٹیج منظرعام پر آگئی

حادثے کے شکار طیارے کا رجسٹریشن نمبر HK4709 تھا، جس میں دو کریو ممبرز اور 13 مسافر سوار تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں دیوجینس کوئنٹیرو (36 سال)، کیتامبو ریجن سے منتخب رکنِ ایوانِ نمائندگان بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی رہنما اور کانگریس کے امیدوار کارلوس سالسیڈو بھی جان کی بازی ہار گئے۔

دیوجینس کوئنٹیرو پیشے کے اعتبار سے وکیل اور انسانی حقوق کے معروف کارکن تھے۔ وہ 2022 میں ان 16 نمائندوں میں شامل تھے جو دہائیوں پر محیط مسلح تنازع کے متاثرین کی نمائندگی کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔

یہ نشستیں 2016 میں کولمبیا حکومت اور فارک (FARC) کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کے تحت قائم کی گئی تھیں۔

کوئنٹیرو کی جماعت یو پارٹی نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے علاقے کے لیے مخلص اور خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما قرار دیا۔

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ اس سانحے پر گہرے دکھ میں مبتلا ہیں اور تمام متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔