Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس میں 200 سالہ برفباری کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ماسکو برف کے سمندر میں ڈوب گیا

گاڑیاں گھنٹوں طویل ٹریفک جام میں پھنسی رہیں، شہری برفانی تودوں کے درمیان راستہ بنانے پر مجبور نظر آئے

روس کے دارالحکومت ماسکو میں اس ماہ ایسی شدید برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ 200 سال سے زائد عرصے میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔

ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرینِ موسمیات کے مطابق جنوری کے اختتام تک شہر میں 92 ملی میٹر بارش و برفباری ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ 203 سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔

تقریباً ایک کروڑ تیس لاکھ آبادی والے شہر کی سڑکیں موٹی برف کی تہوں سے ڈھک گئیں، جہاں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی علاقوں میں 60 سینٹی میٹر (24 انچ) تک برف جمع ہوگئی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماسکو اور گرد و نواح میں ٹرین سروس تاخیر کا شکار رہی جبکہ گاڑیاں گھنٹوں طویل ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔ شہری برفانی تودوں کے درمیان راستہ بنانے پر مجبور نظر آئے۔

ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ جنوری غیر معمولی طور پر سرد اور برفانی مہینہ ثابت ہوا، اور اس دوران ریکارڈ توڑ برفباری نے موسمی تاریخ بدل دی ہے۔

اس سے قبل رواں ماہ روس کے مشرقی علاقے کامچاٹکا میں بھی شدید برفانی طوفان کے باعث ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، جہاں برف کے انبار عمارتوں کی دوسری منزل تک پہنچ گئے اور گاڑیاں مکمل طور پر دب گئیں۔

متعلقہ خبریں